حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، علامہ اشفاق وحیدی نے راولپنڈی میں کرسچن کمیونٹی کے رہنما پاسٹر سہیل پرویز کی جانب سے مقامی چرچ میں منعقدہ جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا: پاکستان کا وقار دنیا میں بلند ہوتا نظر آ رہا ہے۔ تقریب میں اے ڈی سی جی ڈاکٹر ملیحہ، ڈی ایس پی شکیل، پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ افسران اور مقامی پاسٹرز نے خصوصی شرکت کی۔
علامہ اشفاق وحیدی نے بین الاقوامی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: آج دنیا میں جس چیز کو شدت سے محسوس کیا جا رہا ہے وہ امن و امان ہے۔ بعض قوتوں کی جانب سے مختلف خطوں میں جنگ مسلط کی جا رہی ہے جس کے نتیجے میں بدامنی پھیل رہی ہے اور بے گناہ عوام مارے جا رہے ہیں۔ ایسے حالات میں بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا: ہمیں صبر، تحمل اور برداشت کو فروغ دینا ہوگا اور اس اصول کو اپنانا ہوگا کہ کسی کے عقیدے کو چھیڑو نہیں اور اپنے عقیدے کو چھوڑو نہیں۔ یہی رویہ معاشرے میں امن، بھائی چارے اور باہمی احترام کے فروغ کا ذریعہ بن سکتا ہے۔
جشن آزادی پاکستان کے حوالے سے علامہ اشفاق وحیدی نے کہا: آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے اور اس آزادی کے حصول کے لیے تمام مذاہب اور طبقات کے افراد نے قربانیاں دی ہیں جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان کے قیام میں معاشرے کے تمام طبقات کا حصہ ہے اور ہمیں مل کر وطن کی ترقی، استحکام اور سربلندی کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما نے دفاع پاکستان کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام سیکیورٹی فورسز کے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
قابل ذکر ہے کہ تقریب سے اے ڈی سی جی ڈاکٹر ملیحہ نے بھی خطاب کیا جبکہ پاسٹر سہیل پرویز نے تمام مہمانوں کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔










آپ کا تبصرہ